حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ شیعہ علماءکونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روضہ اقدس پر وفاقی کابینہ کے ارکان کی حاضری کے موقع پر شرپسند عناصر کی طرف سے نعرے بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں مذہب کارڈ کا منفی استعمال اور ریاست مدینہ کے قیام کے دعوے مطابقت نہیں رکھتے ۔
انہوں نے کہا کہ توہین آمیز واقعہ کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ ایسے افراد قوم کے لئے باعث شرم اور معاشرے پر دھبہ ہیں ۔ہم موجودہ حزب اختلاف سے اپیل کریں گے کہ سیاست میں شائستگی اورتحمل کو فروغ دیں گے ۔ورنہ جس طرح سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے اس کے نتائج من حیث القوم پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث ہوں گے۔